منگلورو27؍اگست (ایس او نیوز) مولکی کے پاڈوپنمبور نامی علاقے میں جب گھر کو قفل لگاکرسب لوگ اپنے رشتے دار کے یہاں گئے ہوئے تھے تو اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور اگلے اور پچھلے دروازے کے قفل توڑ کرگھر میں داخل ہوئے اورنقدی اور سونے کے زیورات اڑالے گئے۔
فخرالدین نامی شخص کے گھر میں یہ واردات ہفتے کے دن پیش آئی جب وہ اپنے بیوی بچوں سمیت سسرال والوں سے ملاقات کے لئے گیا ہواتھا۔اتوار کے دن فخرالدین کی بیٹی اور نواسہ اس کے گھر پہنچے تو چوری کی واردات کا پتہ چلا۔ معلوم ہواہے کہ چوروں نے الماری کے دراز سے سونے کے زیورات چرانے کے بعددوسرے کمرے میں رکھے ہوئے 7ہزار وپے نقد بھی اڑالیے۔ اس کے علاوہ ایک ڈی وی ڈی پلیئر، بینک پاس بک اور اے ٹی ایم کارڈ وغیر ہ بھی چور اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔مجموعی طور پراس واردات سے فخرالدین کو جملہ 1.57ہزار روپے مالیت کا خسارہ ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
اس واردات کی خبر ملنے پر مولکی پولیس اسٹیشن کے افسران نے فنگر پرنٹس ماہرین کے ساتھ جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کرلیا۔